عمران خان کاساتھ دینے والا غدار ہے، مولانا فضل الرحمن

 

بنوں: جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ اورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے قوم کو آزادی اور جمہوریت کا راستہ دکھایا اور آج کہتاہوں جو عمران خان کا وفادار ہے، میں اسے غدار کہتا ہوں۔

 ہماری جہدوجہد ملک میں جمہوریت اور قانون کی عملداری کے لیے ہے، دہشت گردی کے خلاف فوج کے ساتھ عوام نے بھی قربانیاں دیں، کام کرنے والے لوگ ہیں لیکن عمران خان کو کسی سے کام لینا نہیں آتا۔

 پاکستان ایک آزاد ریاست ہے اور اب کسی طاقتور ملک کی کالونی بن کر نہیں رہ سکتے۔کہ ہمارے آباو اجداد کا نصب العین رہا کہ ہم ایک آزاد اور خود مختار ملک چاہتے ہیں۔


بدھ کو بنوں میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بنوں کے لوگوں نے آج حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے نیب کے سامنے سرینڈر کرنے کا مشورہ دیاگیا لیکن میں نے کہا کہ وہ جنرل نیازی تھا جو سرینڈر ہوا تھا۔ 

تاریخ گواہ ہے کہ میرے آباؤاجداد نے کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہماری جہدوجہد ملک میں جمہوریت اور قانون کی عملداری کے لیے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج معیشت کو جس بحران کا سامنا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کا قتل عام کیا گیا اور میں واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ برداری کے مظلوموں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد آزاد ہیں اور جب چاہیں کسی کو بھی قتل کردیتے ہیں جبکہ ڈکیتیوں کا سب سے زیادہ شرح اسلام آباد میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف فوج کے ساتھ عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں۔سربراہ جے یو آئی نے وزیر اعظم عمران خان کے بیان کے حوالے سے کہا کہ کہتا ہے میرے پاس ٹیم نہیں، مجھے حکومت نہیں آتی لیکن اصل بات یہ ہے کہ کام کرنے والے لوگ ہیں لیکن آپ کو کسی سے کام لینا نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کا جنازے نکالنے کے لیے ایک جگہ جمع ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ملین مارچ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آزاد ریاست ہے اور اب کسی طاقتور ملک کی کالونی بن کر نہیں رہ سکتے۔

 مسلم لیگ کے رہنما احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہاکہ اگر پاکستان کو جوڑ کر رکھنا ہے تو ووٹ کو عزت دینا ہوگی تمام جماعتیں مولانا فضل الرحمن قیادت میں متحدہیں گلگت چترال سے لے کر پشاور کراچی تک یہ نعرہ گونج رہا ہے کہ ووٹ کو عزت دویہ پی ڈی ایم کی کامیابی کی تصویر ہے۔

جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اکرم خان درانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنوں کے غیرت مند عوام نے موجودہ سلیکٹیڈ حکومت اور جعلی وزیر اعظم کو مسترد کردیا ہے اور لاکھوں کی تعداد میں پی ڈی ایم جلسہ میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بنوں اور جنوبی اضلاع کے عوام پی ٹی آئی اور اُن کے مغرب نواز حکمرانوں کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں آج ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔

مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں حکمرانو ں کو چلتا کردینگے تبدیلی کے نا م پر عوام کو دھوکہ دیا گیا ملک کا ہر طبقہ جعلی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر حیدرہوتی اورپیپلزپارٹی کے رہنما فخر اعظم وزیر نے کہاکہ بنوں میں پی ڈی ایم کے کامیاب جلسے نے حکومت کو پیغام دیا ہے کہ وہ نااہل اور نالائق ہے عوام اسے کسی صورت تسلیم کرنے کو تیار نہیں پی ڈی ایم میں کسی قسم کے اختلافات نہیں اب جماعتیں عوام کی حاطر نا اہل حکمران سے عوام کو نجات دلانے کیلئے نکلی ہیں۔