اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے جبری گمشدگی کے معاملے پر قانون سازی کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزارت قانون و انصاف کو بل کو بغیر کسی تاخیر کے حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔
کابینہ نے اسامہ ستی قتل کیس کی جامع تحقیقات میں پیشرفت کی رپورٹ بھی طلب کرلی اور اعلان کیا ہے کہ مقتول نوجوان کے والدین کے اظہار اطمینان کے مطابق تحقیقات ہوں گی۔ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا معمول کا اجلاس ہوا، 15 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔
بجلی کے حالیہ ملک گیر بریک ڈاؤن، اسامہ ستی قتل کیس،18ویں ترمیم اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا، کابینہ کے مطابق 18ویں ترمیم میں نقائص ہیں جس کی وجہ سے وفاق اور صوبوں کے اختیارات میں عدم توازن پیدا ہوگیا ہے۔ اتھارٹیز کا آڈٹ پرائیویٹ سیکٹر سے کروایا جاتا تھا ہم آہنگی لانے کے لیے ایک میکنزم بنایا گیا ہے۔
نیشنل بینک آف پاکستان، او جی ڈی سی ایل، پی ٹی سی اور ان جیسے خود مختار اداروں میں بھی آڈیٹر جنرل کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے آڈٹ سے متعلق بل کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے ایف آئی اے ایکٹ 1974ء کے تحت ایف آئی اے کمرشل بنک سرکل لاہور کو پولیس اسٹیشن کا درجہ دینے کی منظوری دی۔
اس منظوری کے بعد ایف آئی اے کے اس پولیس اسٹیشن کی عملداری کا اختیار لاہور،قصور،شیخوپورہ،ننکانہ صاحب اور اوکاڑہ تک بڑھ جائے گا جس میں بینکاری جرائم کے خلاف قانونی کارروائی ممکن ہو سکے گی۔ کابینہ نے قومی طب کونسل میں ممبران کے انتخابات اور ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی منظوری دی۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ ملک بھر میں سرنج کے دوباہ استعمال کے خاتمے کے لئے قانون لایا جا رہا ہے۔ کابینہ نے پیٹرولیم ڈویڑن کے زیر انتظام پبلک سیکٹر کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹر زپر Ex-Officio سرکاری ڈائریکٹر ز کی تبدیلی کی منظوری دی۔
کابینہ نے نوشہرہ میں وزارت ریلوے کی جانب سے تعمیرات کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کر نے کا فیصلہ کیا جس میں وزیر قانون،وزیر تعلیم،وزیر دفاع اور وزیر ریلوے شامل ہونگے۔ کابینہ نے پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرزتشکیل دینے کی منظوری دی۔
کابینہ نے کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے مورخہ 17دسمبر2020ء اور 23دسمبر2020ء کو منعقد ہ اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی تو ثیق کی۔ کابینہ نے کمیٹی برائے نجکاری کے مورخہ 04جنوری 2021ء کو منعقدہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں توثیق کی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مورخہ06جنوری 2021 کو منعقدہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔
کابینہ نے گمشدہ افراد کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا اور ان گمشدگیوں کے خاتمے کے لئے قوانین بنانے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے تعلیم کے فروغ کے لئے معارف فاؤنڈیشن ترکی اور وفاقی وزارت تعلیم کے مابین مفاہمتی یاداشت دستخط کرنے کی اجازت دی۔
کابینہ نے صوبہ سندھ میں ضمنی انتخابات کے حلقوں میں امن و امان قائم رکھنے کی خاطر پاکستان رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دی۔