صدر مملکت نے ترک وزیر خارجہ کو”ہلال پاکستان ایوارڈ“ سے نواز دیا

 اسلام آ باد: صدر مملکت عارف علوی نے ترکی کے وزیر خارجہ میولت چاوش اوغلو کو عالمی سطح پر امن کے فروغ کی کوششوں کے عوض انہیں پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ ہلال پاکستان سے نواز دیا۔

 ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترک وزیر خارجہ میولت چاوش اوغلو 13 جنوری کو ایوان صدر میں ہونے والی خصوصی تقریب میں ترک سفارتخانے کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ شریک ہوئے۔

 ترک وزیر خارجہ کو پاکستان کے اعلی ترین سول ایوارڈز میں سے ایک دیے جانے کی تقریب میں وفاقی وزرا سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ 

تقریب کے دوران صدر مملکت نے ترک وزیر خارجہ کی عالمی امن کے فروغ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کے دوسرے اعلیٰ سول ایوارڈ ہلال پاکستان سے نوازا۔

 حکومت پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سول ایوارڈ دیے جانے پر تک وزیر خارجہ نے صدر مملکت سمیت حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔