دہشتگردو ں کا آخری دم تک پیچھا کرینگے، آرمی چیف 

کوئٹہ:چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج عوام کی جان و مال عزت اور آبرو کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

 بلوچستان میں سیکورٹی صورتحال بہتر کرنے کیلئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ باڑ لگانے کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے۔

 دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کا آخری دم تک پیچھا کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ کینٹ میں مچھ سانحہ میں شہدا کے لواحقین اور ہزارہ برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی و دیگر بھی موجود تھے۔

 ملاقات میں مچھ واقعہ میں شہدا کے لواحقین، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ، ہزارہ جرگہ کے چیئرمین فدا حسین، مجلس وحدت المسلمین کے آغا رضا، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داد آغا، شہدا کمیٹی کے ممبران میر امان اللہ، تنظیم نسل نو، ہزارہ سپورٹس مین، ہزارہ ریٹائرڈ آفیسران دیگر شامل تھے۔

 ملاقات میں سانحہ مچھ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

 آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں قوم بن کر ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

 پاک فوج ہزارہ برادری کو تنہا نہیں چھوڑے گی ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں عوام کی ہر ممکن دفاع کی جائے گی۔

 دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ان کا آخر تک پیچھا کیا جائے گا انہوں نے شہدا کے لواحقین کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔