خیبر پختونخوا میں جامعات کو مالی بحران کے سبب نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے لیے پنشن کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے کی جامعات کو ہدایت نامہ ارسال کر دیا ہے جس کے مطابق جامعات کو مالی خسارے سے بچنے کے لیے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے لیے پنشن کی سہولت ختم کرنے کا کہا گیا ہے۔
مراسلے میں یونیورسٹی میں نئی بھرتیاں گورنمنٹ پے اسکیل کی بجائے اپنے پے سکیل کے مطابق کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
ایچ ای سی سے جاری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے جامعات کی زیر نگرانی اسکولوں کی فیس بڑھائی جائے اور موجودہ میڈیکل اور ہاؤس الاؤنس کو تبدیل کرکے صوبائی حکومت کی شرح پر لایا جائے۔
قبل ازیں کورونا وائرس کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے، جامعات، کالجز، اسکولز اور انسٹیٹیوشنز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے باعث یونیورسٹیوں کو اپنے مالی اخراجات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔