اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کے سامنے امریکا سے فارن فنڈنگ کا اعتراف کرلیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سے فارن فنڈنگ ہوئی لیکن وزیراعظم عمران خان نے امریکا میں فنڈز اکٹھا کرنے والے ایجنٹس کو واضح ہدایت تھی کہ صرف ان ذرائع سے فنڈنگ حاصل کریں جو ممنوعہ نہ ہوں۔
تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا ہے کہ اگر کوئی ایجنٹ ہدایت کے برعکس رقم جمع کرے اور تفصیل بھی پارٹی کو نہ دے تو اس کی ذمے دار پی ٹی آئی نہیں۔
پی ٹی آئی کے تحریری جواب کے مطابق ایجنٹس نے بیان حلفی دیا تھا کہ انھوں نے فنڈز اکٹھا کرنے کی پارٹی پالیسی پرعمل کیا۔
کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے اس پر کہا کہ پہلے پی ٹی آئی کا ماننا تھا کہ اس نے امریکا سے غیر قانونی فنڈنگ لی ہی نہیں، اب وہ غیر قانونی فنڈنگ کا الزام ایجنٹس پر ڈال رہی ہے۔
الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی نے دستاویزات کے صحیح یا غلط ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔