حکومت نے ملک بھر میں 18 جنوری سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کردیا، تاہم پہلی سے 8ویں جماعت تک کے طلبہ کو مزید ایک ہفتے کی چھٹیاں مل گئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث بند کیے گئے تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی گئی ہے اور اب پہلی سے 8ویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے 25 جنوری کے بجائے یکم فروری سے اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تاہم 9ویں سے 12ویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی ادارے گزشتہ فیصلے کے مطابق 18جنوری سے ہی کھول دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن میں تعلیمی سرگرمیاں بھی یکم فروری سے بحال کی جائیں گی۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے اجلاس میں سارے ڈیٹا کا جائزہ لیں گے،اور یہ کہ چھوٹی جماعتیں کھولنے سے پہلے شہروں میں انفیکشن ریٹ کو دیکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شہر میں انفیکشن ریٹ زیادہ ہے تو ممکن ہے وہاں چھوٹی جماعتیں نہ کھولی جائیں تاہم جن شہروں میں انفیکشن ریٹ کم ہووہاں یکم فروری سے ہی چھوٹی کلاسز کیلئےاسکولز کھول دئیے جاییں گے۔