الیکشن کمیشن کی سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سےکرانے کی مخالفت

 الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سےکرانے کی مخالفت کردی۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدارتی ریفرنس کی مخالفت کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروادیا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت ہی ہوتے ہیں، آرٹیکل 226 واضح ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلی کے علاوہ تمام انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہونگے، آئین کے آرٹیکلز 59، 219 اور 224 میں سینیٹ انتخابات کا ذکر ہے، آئین میں کل 15 انتخابات کا ذکر ہے اور اس میں صرف وزیراعلی اور وزیراعظم کے انتخابات کو ہی اوپن کیا گیا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے  سپریم کورٹ میں جمع کروایا گیا جواب 12 صفحات پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات صدر، وزیراعظم کے انتخابات کی مانند آئین کے تحت ہیں، خفیہ بیلٹ ختم کرنے کے لیے آئینی ترمیم کرنا ہو گی۔

واضح رہے کہ  سینیٹ انتخابات کے حوالے سے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے رائے طلب کی تھی۔