بی آر ٹی پشاور کے واش رومز5 ماہ بعد بھی نامکمل، ہیرونچیوں کی آماجگاہ بن گئے

پشاور:بی آر ٹی پشاور کے منصوبے کے بیت الخلا مکمل نہ ہو سکے اور نہ ہی منصوبے کیلئے آمدن کا ذریعہ بننے والے کمرشل پلازے مکمل ہو سکے۔

 پاکستان تحریک انصاف حکومت کا میگا پراجیکٹ بی آر ٹی منصوبے کو شروع ہوئے 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا مگر بیشتر بس اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے تاحال باتھ رومز تک نہیں بن سکے ہیں۔ 

باتھ رومز میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن کا سامان نصب نہ ہونے کی وجہ سے خالی باتھ رومز گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

 اسٹیشنز پر موجود باتھ رومز کے نام پر خالی کمرے شام ہوتے ہی پوڈریوں اور ہیرونچیوں کی آماجگاہ میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  منصوبہ کی آمدن میں اضافہ کے لیے تین کمرشل پلازے بھی تعمیر ہونا تھے جو ابھی تک نامکمل ہیں۔

 دوسری جانب ڈی جی پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹرز کے ساتھ درپیش مسائل کی وجہ سے تعمیراتی کام رکا ہوا تھا جوآ ئندہ 20 سے 25 دن میں دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔

 باتھ رومز اور کمرشل پلازوں کا کام جلد مکمل کیا جائے گا۔