حکومت نے پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت دیدی

اسلام آباد:وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

 الیکشن کمیشن کے دفتر کے چاروں طرف خاردار تاریں لگادی گئی ہیں جبکہ ہنگامی طور پر دفتر کے عقبی حصہ میں نیا گیٹ تعمیر کرلیا گیا ہے۔

 ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت ہوگی، کسی کو الیکشن کمیشن کی پارکنگ میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ممبران اور دیگر افسران کے آنے کے لیے متبادل راستے کا جائزہ لیا۔

 متبادل راستہ ہنگامی طور پر بنایا گیا ہے اور ایک آہنی گیٹ بھی لگادیا گیا ہے مظاہرین کو الیکشن کمیشن عمارت اور پارکنگ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی کیلئے 1800 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق 5 ایس پی اور 10 ڈی ایس پیز بھی امن وامان کے فرائض سرانجام دیں گے۔ احتجاج اور ریلی کے شرکا اپنی گاڑیاں کنونشن سنٹر کی پارکنگ میں کھڑی کریں گے اور پیدل الیکشن کمیشن آئیں گے۔اسلام آباد پولیس ٹریفک کی روانی کے لیے متبادل روٹ بھی جاری کرے گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ پانامہ کا پارٹ ٹو ہے،مولانا فضل الرحمن کو سب اکیلا چھوڑ جائیں گے،پی ڈی ایم کو پہلی بار ریڈ زون میں آنے کی اجازت دی جا رہی ہے، مدارس کے بچے لائے گئے تو قانون حرکت میں آئے گا۔
سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کرنا میری ذمہ داری ہے۔

 وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کو فری ہینڈ دیں، کوئی کنٹینر یا رکاوٹ نظر نہیں آئے گی لیکن حفاظتی انتظامات پورے کریں گے۔

انھوں نے کہا یہ ذہن نشین کر لیں کہ یہاں سپریم کورٹ اور ایف بی آر بھی ہے، یہاں پر وزیر اعظم ہاؤس بھی ہے، ہم اپنی حفاظت کریں گے، حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات ضرور کیے جائیں گے۔