پشاور:اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات سے قبل مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ڈی ایم اجلاس جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف و دیگر شریک ہوئے تاہم بلاول بھٹو زرداری اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکا کے لیے ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا۔
جمعیت علمائے اسلام ف سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں سینیٹ انتخابات لڑنے پر متفق ہیں اور سینیٹ انتخابات میں متفقہ امیدوار لانے کے لیے جلد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہو گا۔
پی ڈی ایم جماعتیں سینیٹ انتخابات میں حکومت کی اتحادی جماعتوں سے بھی رابطے کریں گی اور پی ڈی ایم جماعتیں مشترکہ سینیٹ الیکشن لڑنے کے بعد مشترکہ چیئرمین بھی لائے گی۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن سے ہی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا جب کہ 23 اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی سامنے لانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
بعد ازاں پی ڈی ایم نے احتجاجی ریلیوں و جلسے جلوسوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ 21جنوری کو اسرائیل نامنظور ملین مارچ ہوگا 5 فروری کوکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ ہوگا۔
9فروری کو حیدر آباد میں ریلی نکالی جائے گی 13فروری کو سیالکوٹ‘ 16فروری کو پشین میں جلسہ ہوگا 23فروری کو سرگودھا میں جلسہ ہوگا 27فروری کو خضدار میں ریلی کے بعد لانگ مارچ کا حتمی فیصلہ ہوگا۔