خیبرپختونخوا اسمبلی: شوگر فیکٹری کنٹرول اور انسداد منشیات ترمیمی بل سمیت تین بل منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی نے شوگر فیکٹری کنٹرول ترمیمی بل  اور انسداد منشیات ترمیمی بل  سمیت  تین بل  متفقہ طور پر منظورکرلیے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق احمدغنی کی زیرصدارت ہوا جس میں ایوان نے شوگرفیکٹری کنٹرول ترمیمی بل متفقہ طورپر منظورکرلیا۔

اجلاس میں ایوان نے بعض مالیاتی قوانین میں ترامیم سے متعلق بل اور انسداد منشیات ترمیمی بل بھی  متفقہ طور پر منظور کرلیا

شوگرفیکٹری کنٹرول ترمیمی بل کے تحت زمینداراور شوگر ملز مالکان کے درمیان رقوم کا تبادلہ بینک کے ذریعے ہوگا اور  ترمیمی بل نہ ماننے پرشوگر مل مالک کو تین سال قید اور 50 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا، قانون کی خلاف ورزی کرنے پر جرم نا قابل ضمانت ہوگا۔

بل میں کہا گیا ہے کہ زمینداراور شوگر ملز مالکان کےدرمیان رقوم کا تبادلہ بینک کے ذریعے ہوگا اور مقررہ مدت میں زمیندار کوعدم ادائیگی پرشوگرکین کمشنر شوگرملز مالک سے رقم وصولی کا مجاز ہوگا۔

ایوان میں خیبرپختونخوا ٹرسٹ ترمیمی بل بھی پیش کیا گیا،اس کے علاوہ بعض مالیاتی قوانین میں ترامیم سے متعلق بل اور انسداد منشیات ترمیمی بل بھی ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا جب کہ اسپیکر نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 25 جنوری دن 2 بجے تک ملتوی کردیا۔