پی ڈی ایم کا حکومت کے خاتمے تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان

اسلام آباد:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ ثابت ہوگئی، یہودی اور مودی کا یار غدار ہے۔

5 فروری کولیاقت باغ میں ان کا جنازہ نکالیں گے، مولوی جنازہ پڑھا کے چھوڑتا ہے، ہم ان کو نکال کردم لیں گے، غیرت مند مولوی یہودیوں اور ہندوں کے ماہانہ 10ہزار پر لعنت بھیجتے ہیں، مشکوک شخص کو کرسی پر بٹھانے والے بھی مشکوک ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کیخلاف الیکشن کمیشن اسلام آباد دفتر کے باہر پی ڈی ایم کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج حکمرانوں کوایک نمونہ دکھایا ہے کہ جب لانگ مارچ ہوگا تو کیا ہوگا۔

 8 اگست 2018 کو اسی جگہ مظاہرہ کرکے الیکشن کو متفقہ طور پر مسترد کیا تھا، آج بھی کہتے ہیں یہ حکومت منتخب نہیں، اس کو ملک پر حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات نہیں کرواسکے، کچھ طاقتور اداروں نے الیکشن پر قبضہ کیا، مرضی کے نتائج مرتب کئے۔آج پوری قوم پر آشکار ہوگیا ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل کے فنڈز پر الیکشن لڑا اور پارٹی تشکیل دی۔

 الیکشن کمیشن نے 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ لٹکایا، 23 اکاؤنٹس کو خفیہ رکھا گیا، یہ حکومت میں رہنے کے اہل نہیں، اگر نوازشریف کو اقامے اور بیٹے سے تنخواہ لینے پر جولی بھی نہیں اس پر نااہل کیا جاتا ہے، تو پھر ہمارے دشمنوں اسرائیل ہندوستان کے پیسے پر ایک مشکوک شخص کو حکمران بنایا گیا، جو حساسیت کے لحاظ سے ایٹمی طاقت ہے، کرسی پر بٹھانے کیلئے جس نے بھی پشت بانی کی سہارا دیا، وہ سب مشکوک ہوجاتے ہیں۔

ہمیں مجبور مت کرو پھر کہتے ہیں اداروں کی بات کرتے ہیں، ادارے آسمان سے نہیں اترے، ادارے ہمارے سوسائٹی کے لوگ ہیں، انہو ں نے خواب ریاست مدینہ کا دکھایا قوم صبح اٹھی تو رخ کوفے کی طرف تھا۔

 مولانا فضل الرحمن نے موجود ہ حکومت کو ناجائز قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ موجودہ حکمران پاکستان کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں، یہ داغ ہمیں خون سے ہی کیوں نہ دھونا پڑا، دھوئیں گے۔ اگر کوئی بزدل ہے تو ہماری صفوں سے نکل کر اپنے گھروں میں بیٹھ جائے،ہم نے جدوجہد کرکے قوم کو اس کرب سے نکالنا ہے،ہم نے پگڑیاں سر اٹھانے کے لیے باندھی ہیں، اگر عزت نہیں ہوگی تو پھر یہ پگڑیاں اتر جانی چاہیے، بے بس الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات نہ کراسکی- 5فروری کوکشمیر فروشی کے خلاف مظاہرہ ہوگا۔

 احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیر پاؤ نے کہا کہ تمام طبقہ فکر کے افراد آج الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہیں کیونکہ یہ ایک آئینی ادارہ ہے،یہ لوگ اپنا حق اور انصاف مانگنے آئے ہیں یہ آئین پر عملدرآمد کے لئے آئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال پہلے الیکشن میں دھاندلی ہوئی جبکہ 6سال سے عمران خان فارن فنڈنگ کی تلاشی نہیں دے رہا،ہم یہ ناانصافی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اگر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ7سال پہلے ہوجاتا تو آج یہاں ہم احتجاج نہ کررہے ہوتے۔

 انہوں نے کہا کہ اگر ایک منتخب وزیراعظم کو جے آئی ٹی کے ذریعے چھ ماہ میں نااہل قرار دیا جاسکتا ہے تو پھر 7سال بعد کیوں یہ کیس التوا کا شکار ہے۔