قبائلی اضلاع میں انٹرنیٹ کی بحالی کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم

 اسلام آباد ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے پہلے ہی ڈکلیئر کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی سہولت شہریوں کا بنیادی حق ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھے۔

 قبائلی  اضلاع میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے معاملہ پرصوبائی حکومت کا موقف ہےکہ یہ سیکیورٹی معاملہ ہے۔

عدالت عالیہ نے قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی، کیس پر مزید سماعت 22 فروری کو ہوگی۔