وزیراعظم کا وزیرستان میں 3جی، 4جی انٹر نیٹ آج سے ہی بحال کرنے کا اعلان

 وزیراعظم عمران خان نے جنوبی وزیرستان میں انٹر نیٹ کی تھری جی  اور فور جی سہولت آج سے  ہی شروع کرنےکا اعلان کردیا۔

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ کوشش ہے کہ پیچھے رہ جانے والے لوگوں اور علاقوں کو آگے لے کر آئیں، جو علاقے پیچھے رہے گئے ہیں ان میں اسکول اور کالج کھولیں گے، اقتدار میں آنے سے پہلے میانوالی میں نمل یونیورسٹی قائم کی تھی،جنوبی وزیرستان میں بھی اسکول، کالج اور یونیورسٹی بنائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں اور اگر ہم انہیں تعلیم، تکنیکی تعلیمی دے دیں تووہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک کو اوپر لے جائے گا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ دوسرا سب سے بڑا چیلنج روزگار ہے، گزشتہ 15 سال میں سب سے زیادہ تباہی وزیرستان میں ہوئی، لہٰذا یہاں کے نوجوانوں کو روزگار دینے کی بہت ضرورت ہے۔ آئندہ سال یہاں کے نوجوانوں کو اور زیادہ قرضے دیئے جائیں گے۔

عمران خان خان کا کہنا تھا کہ بھارت انٹرنیٹ کے ذریعے وزیرستان میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے اور نوجوانوں کو اکسانے کی کوشش کرسکتا ہے لیکن عسکری حکام سے بات چیت کے بعد نوجوانوں کے لیے انٹر نیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آج سے یہاں 3 جی اور 4 جی کھل جائے گا، جنوبی وزیرستان کے نوجوانوں کی یہ بہت ڈیمانڈ تھی، یہ فیصلہ آپ کے مستقبل کے  لیے بہترین فیصلہ تھا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگ ہمیشہ پاکستان کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کا خیبرپختونخوا سے ضم ہونا بہت مشکل کام تھا، اس سلسلے میں اتنشار پھیلانے کی بہت کوشش کی اور مجھے معلوم ہے کہ کئی لوگوں نے کوشش کی کہ یہ ضم نہ ہوں تاہم قبائلی علاقے اور وزیرستان کے لوگوں نے جس طرح اس انضمام کو کامیاب کیا میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت ثابت کرے گا کہ یہ قبائلی علاقوں کے لوگوں کے مستقبل کے لیے بہترین فیصلہ تھا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ حکومت آپ کی حکومت ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس علاقے کو اوپر اٹھایا جائے، وزیرستان میں 70 فیصد لوگ وہ ہیں جو غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، احساس پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو پیسے دیئے جائیں گے،مزید یہ  کہ علاقے کے ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ ملے گا جس سے آپ کسی بھی ہسپتال میں 7 لاکھ روپے تک مفت علاج کروا سکتے ہیں۔