پولیس نے پشاور و مضافات کو بڑی تباہی سے بچالیا

ضلع خیبر کے علاقے سپاہ میں پولیس نے کارروائی کرکے زیر زمین چھپایا گیا بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے پشاور اور مضافات کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

ذرائع کے مطابق قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے سپاہ میں پولیس نے خصوصی کاروائی کے دوران زیر زمین چھپایا گیا بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے  پشاور اور مضافات میں دہشت گردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ کارروائی ایک ماہ قبل گرفتار کیےگئے دہشتگردوں کی نشاندہی پر کی گئی جس میں زمین کے نیچے چھپایا گیا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

کاروائی میں   برآمد اسلحے کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا جس میں 137 راکٹ لانچر، 27 توپ گولے، 3 روسی ساختہ میزائل، 30 مارٹرگولے اور 179اینٹی ائیر کرافٹ گنز کے گولے شامل ہیں۔

ڈی پی او ڈاکٹر محمد اقبال کا اس حوالے کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں نے پشاور اور مضافات میں تباہی کا منصوبہ بنایا تھا اور برآمد اسلحہ اس منصوبے میں استعمال ہونا تھا جسے پولیس نے ناکام بنا دیا اور علاقے کو بڑی تباہی سے بچایا۔