پشاور:بلین ٹری سونامی اور بلین ہنی سونامی کے بعد اب بلین ڈرائی فروٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جس کے تحت خشک میوہ جات کے درخت لگائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں بلین ڈرائی فروٹ پراجیکٹ کے تحت خشک میوہ جات کے درخت لگائے جائیں گے، منصوبے کی نگرانی گورنرشاہ فرمان کریں گے۔صوبائی محکمہ زراعت کو منصوبہ جلد قابل عمل بنانے کی ہدایت کردی گئی۔
خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان کا کہنا ہے کہ بلین ڈرائی فروٹ پراجیکٹ سے آمدن میں اضافہ اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، قبائلی اضلاع میں ڈرائی فروٹ پراجیکٹ سے انقلاب آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کو جامع سروے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بلین ڈرائی فروٹ کے حوالے سے سروے رپورٹ آنے کے بعد منصوبے کو عملی شکل دی جائے گی، صوبے میں اس پراجیکٹ سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔