ریٹائرڈ جسٹس عظمت سعید براڈ شیٹ انکوائری کمیٹی کے سربراہ مقرر

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ریٹائرڈ) عظمت سعید کو براڈ شیٹ معاملے کی انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔

انکوائری کمیٹی کے ارکان کا تقرر جسٹس (ریٹائرڈ) عظمت سعید کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بھی اپنے بیان میں تصدیق کی کہ براڈشیٹ معاملے پر انکوائری کمیٹی کےسربراہ جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاناما کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے والے سپریم کورٹ کےبینچ میں جسٹس شیخ عظمت سعید بھی شامل تھے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجازافضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ نے پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔