فارن فنڈنگ حساس کیس ہے، اوپن سماعت نہیں ہوسکتی، الیکشن کمیشن

اسلام آباد:ترجمان الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ کمیشن فارن فنڈنگ کیس میں بغیر کسی خوف اور دبا ؤکے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جا ری ہے، یہ بہت ہی اہم اور حساس کیس ہے اور اس پر میرٹ پر فیصلہ قومی مفاد میں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پر غیر ضروری اور بغیر شواہد کے تبصروں سے گریز کیا جائے، الیکشن کمیشن میں پہلے ہی اس کیس کی سماعت فریقین کے سامنے ہو رہی ہے اور سماعت کے دوران میڈیا اور دوسرے متعلقہ اشخاص اور ادارے موجود ہوتے ہیں۔

 اسکروٹنی کمیٹی کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے اس لیے کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی جب کہ عوامی سطح پر کارروائی سے کمیٹی کو اپنا کام کرنے میں دشواری ہوگی۔

ترجمان نے بتایا کہ اسکروٹنی کمیٹی میں شکایت کنندہ اور الزام علیہ اپنا اپنا موقف پیش کرتے ہیں اور کمیٹی موقف کا جائزہ لینے کے بعد جامع سفارشات کمیشن کو دیگی جب کہ الیکشن کمیشن کھلی سماعت میں یہ سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کرے گا۔

ا الیکشن کمیشن دونوں اطراف کی بحث سننے کے بعد جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا اور ادارہ یقین دلاتا ہے کہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔