خیبرپختونخوا پولیس کی 2 لیڈی اہلکاروں کو اقوام متحدہ کے امن مشن کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے۔اے ایس آئی صائمہ شریف اور کانسٹیبل گل النساء یو این مشن پر سوڈان پہنچ گئیں ہیں۔
اے ایس آئی صائمہ شریف اور گل النساء تمام ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد امن مشن کےلئے منتخب ہوئیں، صائمہ شریف اور کانسٹیبل گل النساء یو این مشن پر سوڈان پہنچ گئیں ہیں۔
آئی جی ڈاکٹرثناء اللہ عباسی نے کہا کہ یو این امن مشن کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں کے انتخاب پر فخر ہے۔
صائمہ شریف پشاور پولیس کی واحد خاتون آفیسر ہیں جو سال 2020 میں اقوام متحدہ کے عالمی امن مشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
صائمہ 7 بہنوں اور چار بھائیوں کی دلیر بہن ہیں، صائمہ کے جوان بھائی بھی پشاور پولیس کے شہید ہیں، بہادر سپاہی معین پشاور میں شدت پسندوں کے حملے کے دوران چند سال پہلے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شہادت کا رتبہ پا چکے ہیں۔
بہادروں کے خاندان میں نام پیدا کرنے والی صائمہ شریف نہ صرف بوڑھے والدین کا سہارا ہیں بلکہ اپنے خاندان کے لئے باعث فخر بھی ہیں ۔
صائمہ شریف نے 2007 میں خیبر پختونخواہ پولیس میں کانسٹیبل کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی اور 2019 تک اپنے بھائی کے مقصد کو جاری رکھا۔
بعد ازاں انہوں نے اقوام متحدہ کے مشن امتحان میں حصہ لیا جس میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی اور اب وہ اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے سوڈان پہنچ گئیں۔