پاکستانی سالانہ 554 ارب روپے خیراتی اداروں کو دیتے ہیں

 پاکستانی ہر سال 554ارب روپے خیراتی اداروں کو دیتے ہیں، تاہم  26 فیصد پاکستانی نہیں جانتے کہ ان کی دی ہوئی خیراتی رقم کہاں استعمال ہوتی ہے

 پاکستان پیس کالیکٹو،نیشنل کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی اور سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہر سال 554ارب روپے خیراتی اداروں کو دیتے ہیں ، تاہم  26 فیصد پاکستانی نہیں جانتے کہ ان کی دی ہوئی خیراتی رقم کہاں استعمال ہورہی ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پروجیکٹ کوآرڈینیٹر پاکستان پیس کالیکٹو رانا آصف حبیب نے کہا کہ خیراتی رقم کے درست استعمال کیلیے قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر اور مواد کو پھیلانے کاسلسلہ بھی ختم ہونا چاہیے۔

ایڈیشنل سیکریٹری سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ ابو بکر نے کہا کہ سندھ چیئرٹی کمیشن کے تحت خیراتی اداروں کو رقم کے درست استعمال کاپابند کیاگیاہے۔

ڈائریکٹرنیکٹا نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیکٹاکی ویب سائٹ پر قانون پر عمل کرنے والے خیراتی اداروں کی فہرست موجود ہے ،شہری اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ادبی اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے شہریوں میں درست اداروں کو رقم خیرات کرنے کیلیے آگہی دی جارہی ہے۔