الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کا اعلان کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کیس کی کھلی یا بند کمرے سماعت سےمتعلق کنفیوژن تھی، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ جمع ہونےکے بعد فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کرےگا۔
ترجمان نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی اوپن نہیں ہوگی اور یہ کارروائی فریقین کی موجودگی میں جاری ہے۔
واضح رہےکہ اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے تحریک انصاف کے خلاف چلنے والے فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کا مطالبہ کیا ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ دنوں اپوزیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دفتر کے ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
گزشتہ دنوں بھی ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا اسکروٹنی کمیٹی کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جا ری ہے، یہ بہت ہی اہم اور حساس کیس ہے اور اس پر میرٹ پر فیصلہ قومی مفاد میں ہے، الیکشن کمیشن دونوں اطراف کی بحث سننے کے بعد جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا اور ادارہ یقین دلاتا ہے کہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔