متنازعہ رہنے والےمفتی عبدالقوی بارے ان کے چچا کے انکشافات

  مفتی عبدالقوی کے چچا عبدالواحد ندیم نے کہا ہے کہ مفتی قوی کی ذہنی حالت درست نہیں ہے،اس نے ہمارے خاندان کا بہت نقصان کیا ہے، آج سے انہیں مفتی نہ کہا جائے، اپنے خاندان کی عزت، علم دین اور اسلام کی حرمت کیلئےہم ان سے مفتی کا لفظ واپس لے رہے ہیں۔

ملتان میں  پریس کانفرنس میں مولانا عبدالواحد ندیم کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالقوی کی ذہنی حالت درست نہیں ہے،ان کو میل جول سے روک دیا گیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک ان کا علاج مکمل نہیں ہوتا ان کی حالت درست نہیں ہوتی اس  وقت تک انہیں عوامی اجتماعات سے دور رکھا جائے

انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان عزت والا خاندان ہے جس نے ہزاروں لوگوں کو تعلیم دی ہے، ہمارا خاندان غم میں ہے۔

 عبدالواحد ندیم نے کہا کہ مفتی قوی نے ہمارے خاندان کا بہت نقصان کیا ہے، آج سے مفتی قوی کو مفتی نہ کہا جائے، آج ہم مفتی قوی سے مفتی کا لفظ واپس لے رہے ہیں۔

 مولانا عبدالواحد کا کہنا تھا دنیا کہہ رہی ہےکہ مفتی ہو کر یہ کیسے کام کرتا ہے، اب عبدالقوی کا نفسیاتی علاج کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ان کی دماغی حالت صحیح نہیں ہوتی اور وہ اپنی حالت ٹھیک نہیں کرلیتے اس وقت تک ان سے لفظ ’مفتی‘ واپس لیا گیا ہے کیونکہ اس میں صرف خاندان کی نہیں علمِ دین اور اسلام کی توہین ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے مفتی عبدالقوی کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالقوی کی فحش گفتگو کی ریکارڈنگ بھی ان کے پاس موجود ہے۔