پشاور:خیبرپختونخواحکومت نے صوبہ بھر کے شہری او نیم شہری علاقوں میں خصوصی 10روزہ صفائی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے ڈائریکٹرجنرل پشاورڈویلپمنٹ اتھارٹی‘سینی ٹیشن کمپنیوں کے سربراہان اور تمام ٹی ایم اوزکے نام جاری مراسلے میں کہاگیا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں پیر25جنوری سے 3فروری تک خصوصی صفائی مہم کاآغاز کرنے جا رہی ہے جس کے دوران شہری اور نیم شہری علاقوں سے کوڑے کے تمام ڈھیر اٹھا کر مناسب مقامات پر قائم کئے گئے ڈمپنگ سائٹس پر گرائے جائیں گے۔
اعلامیہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ یہ مہم 10روز پر مشتمل ہوگی‘تمام ٹی ایم ایز کچراجمع کرنے کی جگہ کاانتخاب کرکے خالی جگہ کی تصویر ایل سی بی میں قائم ڈیش بورڈپر بھیجے گی۔
ٹی ایم ایز کو اضافی مزدور اور کارکن لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے‘کوڑاکرکٹ مقررہ جگہ پر جمع کرنے کے لئے انتظامات کی ہدایت بھی گئی ہے۔
تمام ٹی ایم ایز کو مشینری اگر دستیاب نہ ہو تو کرائے پر لینے کی ہدایت کی گئی ہے‘جن جگہوں سے کوڑا اٹھا لیا جائے وہاں چونا کرنے کا بھی کہا گیا ہے‘تمام ٹی ایم ایز کو کچراوالی جگہ کا صفائی سے پہلے اور بعد کی تصویر بھی ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔