اسلام آباد:معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے سیاحتی شعبے کی بہتری کے لیے برینڈ پاکستان لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔
اتوار کو نیپالی کوہ پیماؤں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے ملاقات کی جس میں کوہ پیمائی اور ٹور ازم انڈسٹری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت نے بھی شرکت کی۔
زلفی بخاری نے غیرملکی کوہ پیماؤں کو کے ٹو سر کرنے پر خصوصی مبارک باد دی اور کوہ پیمائی اور سیاحتی شعبے کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی لیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ کوہ پیمائی کے شعبے میں مزید بہتری اور سہولتیں لے کر آئیں گے، پاکستان آنے والے کوہ پیماؤں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ سیاحت کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج دنیا کے سامنے لائیں گے، سیاحتی شعبے کی بہتری کے لیے برینڈ پاکستان لانچ کریں گے۔
سیاحت پر مبنی جامع روڈ میپ آئندہ ماہ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیپالی کوہ پیما نرمل پورجار نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں، کے ٹو سر کرنے کے بعد پاکستانی لوگوں کا استقبال یادگار رہے گا۔زلفی بخاری سے کوہ پیمائی شعبے میں مفید بات چیت ہوئی۔
نیپالی کوہ پیما کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں ٹور ازم حب بن سکتا ہے، دنیا کو بتانا چاہتے ہیں پاکستان مہمان نواز اور محبت بانٹنے والا ملک ہے، ہر سال کوہ پیمائی کے لیے پاکستان آتے رہیں گے۔