پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرینگے، آصف زرداری

اسلام آباد:سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیئے ہیں۔

ملک شدید خطرات میں ہے، حکمران کوئی بڑی غلطی کر سکتے ہیں، بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے۔

سابق صدر نے یہ بات پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ 

 آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک شدید خطرات میں ہے۔حکمران کوئی بڑا بلنڈر کر سکتے ہیں،حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے۔

اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے،حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کریگی۔

سابق صدر مملکت نے کہا کہ اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں،حکمرانوں کو  اب مزید کورونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے،نہ یہ ویکسین خرید سکے نہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ یہ کورونا پر عوام کی مدد کر سکے۔

ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26ارب تک بڑھائی۔ملک کا ریونیو ڈبل کیا۔

ملازمین کی 125فیصد تنخواہیں بڑھائیں،سرکاری ملازمین کی پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا۔

آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دئے ہیں۔

میں نے پہلے کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے۔ اب یہ گر چکے ہیں۔بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے۔

 پی ڈی ایم کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی اس ناکام اور ناہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔