وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی سفیروں کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی

وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ سے بیرون ممالک تعینات پاکستانی سفیروں کی کارکردگی رپورٹ 20 دن میں طلب کرلی۔

ذرائع کے مطابق تمام سفیروں کیلئے فریم ورک تیار کرلیا گیا ہے جسے وزارت خارجہ کو ارسال کیا گیا ہے، فریم ورک کے تحت کام نہ کرنے والے سفیروں کو تبدیل کردیا جائے گا۔

فریم ورک کے تحت ہرسفیرکی 20 دن بعد رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کی جائے گی۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے کیلئے سفرا نے کیا کام کیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو کتنا اجاگر کیا گیا اس متعلق بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

فریم ورک میں باہمی تعلقات، معاشی سفارتکاری کو فروغ دینے کیلئے کردار کی تفصیلات طلب کی گئی ہے۔

طلب کی گئی رپورٹ میں سفرا سے پوچھا گیا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے اب تک کیا کام کیا گیا ہے۔