ایک پی ڈی ایم اور کئی بیانیے ہیں، شبلی فراز 

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے شاہراہوں پر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے نکلے تھے،عوام کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد واپس ایوانوں کا رخ اختیار کر رہے ہیں۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ا پنے بیان میں وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ایک پی ڈی ایم اور کئی بیانیے ہیں، بلاول زرداری کا عدم اعتماد پر زور، احسن اقبال کے اس پر شکوک و شبہات اورمریم نواز کا لانگ مارچ پر اصرار ہے، یہ سب پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرنے کا واضح ثبوت ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم والے شاہراہوں پر عوام کو گمراہ کرنے کے لئے نکلے تھے،عوام کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد واپس ایوانوں کا رخ اختیار کر رہے ہیں۔

ادھر نجی ٹی وی سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن نیب اور ایف آئی اے کو ختم کرنا چاہتی ہے،ماضی میں جو قرضہ لیا گیا اس مقصد کیلئے حکمرانوں نے استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف قوم کا بھگوڑا ہے،جب ہم اقتدار میں آئے تو ملک دیوالیہ تھا،گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث بھی مہنگائی ہوئی ہے،،اپوزیشن والے جمہوریت اور ملکی استحکام میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

اپوزیشن والوں سے پوچھیں کہ ان کے استعفے کہاں ہیں،لانگ مارچ بائیکاٹ دھرنے اور استعفے کدھر ہیں،سابق حکمرانوں کی سیاہ کاریوں کے باعث ملک کی حالت خراب ہے،30سالہ اقتدار میں انہوں نے ملک کو کس طرح پیرس بنایا ہے،30سالہ گند کو صاف کرنے میں مزید ٹائم لگے گا۔