536

پشاو ر میں غیرت کے نام پر حوا کی بیٹی قتل

پشاور۔پشاور کے علاقہ فقیر آباد الف خان کلے میں غیرت کے نام پر بھائی نے اپنی جوانسال بہن کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا اور جرم چھپانے کیلئے راتوں رات اپنے رشتہ داروں کی مدد سے نعش کو دفنا دیا۔

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے بھائی کو گرفتار کرلیا اور قبر کشائی کیلئے متعلقہ مجسٹریٹ کو درخواست ارسال کردیااسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) فقیر آباد نور حیدر خان کے مطابق گزشتہ روز انہیں اطلاع ملی کہ الف خان کلے میں عمر فاروق ولد جان محمد نامی شخص نے اپنی ہمشیرہ مسماۃ آمنہ کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا ہے ، جس کے بعد انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر فاروق کو گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس کی بہن کے آصف نامی نوجوان کے ساتھ تعلقات تھے جس کی بناء پر اس نے اپنی بہن کو پھانسی دے کر قتل کردیا اور بعد ازاں اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ مل کر نعش کو مقامی قبرستان میں دفنا دیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ مزید تفتیش اور قبرکشائی کیلئے مقامی مجسٹریٹ کو درخواست ارسال کردی ہے جس کی منظوری کے بعد نعش کی پوسٹ مارٹم کیلئے قبرکشائی کی جائے گی۔