کوئی قانون الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار نہیں دیتا،چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ کوئی قانون الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار نہیں دیتا، الیکشن ایکٹ کی دفعہ 58 انتخابات کو منسوخ کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سرکردگی میں 5 رکنی لارجر سپریم کورٹ بینچ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ یکم مارچ کا فیصلہ جتنے ارکان کا ہو، وہ سپریم کورٹ کا اندرونی معاملہ ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معاملہ واضح کرنے پر جسٹس جمال مندوخیل کا شکر گزار ہوں۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ یکم مارچ کا عدالتی حکم پہلے طے کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا میرا جواب ہے کہ قانون صدر کو تاریخ دینے کا اختیار دیتا ہے۔ وضاحت چاہئے تو الگ درخواست دیجئے۔

ریمارکس کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ سوال سادہ ہے کہ  کیا الیکشن کمیشن تاریخ کو آگے بڑھا سکتا ہے؟ اگر ادارے کو اختیار ہے تو بات ختم ہوجاتی ہے۔ اٹارنی جنرل نے رائے دی کہ اگر عدالتی فیصلہ چار تین کا ہو تو حکم وجود ہی نہیں رکھتا جس کی خلاف ورزی کی گئی ہو۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالتی حکم نہ ہونے پر صدرِ مملکت کو تاریخ دینے کا اختیار نہیں تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مقدمہ تاریخ دینے کا ہے ہی نہیں، بات منسوخ کرنے کی ہے۔ جمہوریت کیلئے الیکشن ضروری ہے۔ 2 معزز ججز کا فیصلہ آیا۔ ان کی رائے اپنی ہے تاہم یہ موجودہ کیس سے تعلق نہیں رکھتا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ یکم مارچ کے فیصلے میں اراکین کا تناسب سپریم کورٹ کا اندرونی معاملہ ہے۔ آپ بتائیں کہ کیا آئین میں 90روز کے اندر الیکشن کا تقاضا ہے یا نہیں؟ کیا الیکشن کمیشن کو اختیار ہے کہ تاریخ منسوخ کردے؟چیف جسٹس نے کہا کہ تمام قومی اداروں کا احترام لازم ہے۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے تحریکِ انصاف کے وکیل علی ظفر سے استفسار کیا کہ کیا سیاسی قیادت سے بات ہوئی؟ تحریکِ انصاف پہل کرے کیونکہ عدالت سے رجوع کرنے والی پی ٹی آئی ہے۔ ملک میں تشدد اور عدم برداشت ہے۔ آٹے کیلئے لائنیں لگی ہیں۔ آپس میں دست و گریباں نہ ہوں۔

سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے کہ حکومت اور اپوزیشن آٹے کیلئے لائنوں میں لگے افراد کا سوچے۔ وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ انتخابات میں تاخیر سے سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہوگا۔ چیف جسٹس کا ریمارکس دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر تحریکِ انصاف پہل کرتی ہے تو حکومت کو کہا جائے گا۔