173

سلمان اورمیں دس ہزار لوگوں پر بھاری ہیں، شاہ رخ خان

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹارز شاہ رخ اورسلمان خان کی حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں شاہ رخ اپنے اورسلمان خان کے درمیان مضبوط رشتے اور بھائی چارے کے متعلق لوگوں کو بتارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے سلمان خان کے مقبول ترین ٹی وی شو’’دس کا دم‘‘میں  انٹری دی ہے تاہم ابھی یہ شو آن ایئر نہیں ہوا لیکن ریکارڈنگ کی ایک ویڈیو شو نشر ہونے سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں شاہ رخ خان اورسلمان خان خوشگوار موڈ میں نظرآرہے ہیں اور شاہ رخ خان کہہ رہے ہیں ’’ہم برسوں سے ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہم دونوں دو پہ کیا دس ہزار پر بھاری ہیں‘‘۔

واضح رہے کہ سلمان اور شاہ رخ خان کےدرمیان گزشتہ کئی برسوں سے سرد جنگ چل رہی تھی یہاں تک کہ دونوں ایک دوسرے سے بات کرتے تھے اور نہ ہی ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کے روادار تھے، تاہم اس سرد جنگ کا خاتمہ ایک افطار پارٹی کے دوران ہواتھا جس میں دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگاکر بھائی چارے کا ثبوت دیاتھا۔

بعد ازاں گزشتہ برس سلمان خان کی فلم’’ٹیوب لائٹ ‘‘میں شاہ رخ خان مختصر کردار میں نظر آئے تھے اور اب سلمان خان نے شاہ رخ خان کی فلم’’زیرو‘‘میں مختصر کردار اداکیاہے۔