259

ٹی بی کی سکریننگ کیلئےَ خصوصی موبائل وین کا افتتاح

پشاور۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ خیبر پختونخوا ڈاکٹر ایوب روز نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹی بی کے مرض کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور اس خطرناک بیماری کا قلع قمع کرنے کے لیے اپنے وسائل کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے ۔ وہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان میں ٹی بی کنٹرول پروگرام ، ایکشن فار کمیونٹی ڈیولپمنٹ اور مرسی کارپس کے زیر اہتما م ٹی بی کی سکریننگ کے لیے خصوصی موبائل وین کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اے سی ڈی پبلک پرائیویٹ میکس (پی پی ایم ) کے ذریعے صوبے کے بارہ اضلاع میں ٹی بی کنٹرول میکس کے ذریعے خدمات انجام دے رہی ہے جس کا مقصد ٹی بی کے مریضوں کو تلاش کرکے ان کو مفت معیاری تشخیص اور علاج کی سہولتیں فراہم کرنا ہے تاکہ مزاحمتی ٹی بی کے مریضوں کی تعداد میں کمی لائی جاسکے ، تقریب سے صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مقصود، ڈائریکٹر اے سی ڈی ڈاکٹر اکمل نوید ، مرسی کارپس کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عارف نور اور پی پی ایم کے پروگرام منیجر ڈاکٹر علی احمد نے بھی خطاب کیا ۔

مقررین نے کہا کہ موبائل وین کے ذریعے پرائیویٹ ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کی مدد سے ٹی بی کے مریضوں کو تلاش کیا جائے گا اور ان کو تشخیص اور علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی ،یہ موبائل وین مردان کے علاوہ چارسدہ اور ہری پور میں بھی مریضوں کو یہی سہولیات فراہم کرے گی۔