477

خیبر پختونخوا اسمبلی میں سپیکروڈپٹی سپیکر کیلئے مشاورت تیز

پشاور۔پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں پر امیدواروں کی نامزدگی کے لیے مشاورت تیز کردی ہے بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں عمران خان اور نامزدوزیر اعلیٰ محمودخان کی موجودگی میں مختلف ناموں پرغور کیاگیا پارٹی ذرائع کے مطابق اس وقت سابق صوبائی وزیرمشتاق غنی سپیکر کے عہدے کے لیے سب سے فیورٹ امیدوار کے طورپر سامنے آئے ہیں ۔

تاہم شاہ فرمان بھی اس دوڑ میں شامل ہیں ان کے ساتھ ڈاکٹر حیدرعلی کانام بھی لیاجارہاتھا مگراب وہ قومی اسمبلی جارہے ہیں جس کے بعدفی الوقت مشتاق غنی کی پوزیشن بہتر دکھائی دے رہی ہے اسی طرح ذرائع کے مطابق ڈپٹی سپیکر کسی خاتون رکن کو دیاجاسکتاہے اوراس سلسلہ میں پشاورسے تعلق رکھنے والی بعض ممبران کے نام زیر غورہیں۔

تاہم اس حوالہ سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکاہے اس حوالہ سے گذشتہ روز نامزد وزیر اعلیٰ محمودخان بنی گالہ میں موجودرہے اور مرکزی قیادت کے ساتھ سپیکر اورڈپٹی سپیکر کے عہدوں پر نامزدگی کے حوالہ سے مشاورت کی ذرائع کے مطابق مشاورت میں دیگر رہنمابھی موجود تھے تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکاہے ۔