358

پریانکا اور نک جونس کے 'سنگیت' کی تصاویر مداحوں میں مقبول

بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ اور امریکی گلوکار نک جونس یکم دسمبر کو عیسائی اور 2 دسمبر کو ہندو رسم و رواج کے مطابق رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، لیکن ابھی تک ان کی شادی کی تصاویر سامنے نہیں آسکیں، جن کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے، ہاں لیکن شادی کی مختلف رسومات کی تصاویر ضرور سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہیں۔

 اس سے قبل جوڑے کی مہندی کی تصاویر منظرعام پر آئی تھیں اور اب سنگیت کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، جنہیں خوب سراہا جارہا ہے۔ پریانکا چوپڑہ نے گذشتہ روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی سے قبل منعقد ہونے والی سنگیت کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کی۔ پریانکا نے سنگیت کی محفل میں ابوجانی- سندیپ کھوسلا کا ڈیزائن کردہ لباس پہنا جبکہ دولہا نک جونس نے نیلے رنگ کا کرتا زیب تن کیا تھا۔

پریانکا اور نک جونس کی رسم سنگیت جودھپور کے عمید بھوان پیلس میں منعقد ہوئی تھی، جہاں دولہا نک جونس اپنے اہلخانہ کے ہمراہ اسٹیج پر پرفارم کرتے نظر آئے۔

پریانکا نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے ساتھ میں لکھا، 'اس محفل کا آغاز دونوں خاندانوں کے درمیان گانوں اور رقص کے مقابلے سے ہوا، لیکن اختتام محبت کے جشن کے طور پر ہوا۔'

اداکارہ نے مزید لکھا کہ سنگیت کی محفل میں دولہن اور دولہے کی ٹیم نے بہت انجوائے کیا۔ اس موقع پر پریانکا کی والدہ مدھو چوپڑہ اور کزن اداکارہ پرینیتی چوپڑہ بھی اسٹیج پر نظر آئیں۔