228

پشاور میں 2جوانسال بھائی دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے

پشاور۔پشاور کے مضافاتی علاقہ سوڑیزئی پایان میں سابقہ دشمنی کی بناء پر 2 جوانسال بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

جوانسال بھائیوں کی نعشیں گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور مقتولین کی والدہ کو غشی کے دورے پڑنے لگیں عنایت اللہ ولد گل خان ساکن سوڑیزئی پایان مٹہ بچے نے رپورٹ درج کراتے ہوئے تھانہ انقلاب پولیس کو بتایا کہ منگل کے روز اُس کے بھتیجے 24 سالہ احسان اللہ اور 26 سالہ انعام اللہ پسران نصر اللہ اپنی موٹرسائیکل پر گھر آرہے تھے کہ اس دوران راستے میں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ملزمان حاجی امیر نواز، جہانزیب پسران گل شرف، سلمان ولد امیر نوازاور حمید اللہ ولد سرزمین ساکنان سوڑیزئی نے اُن پر فائرنگ کردی۔

جس کے نتیجہ میں وہ دونوں متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے عنایت اللہ کے مطابق ملزمان کے ساتھ ان کی سابقہ دشمنی چلی آرہی ہے جو واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف ذاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔