157

ابوظہبی ٹیسٹ؛ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 348 رنز بناکر آؤٹ ​​​​​​​

نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 26رنز بنائے۔ اس سے پہلے پاکستان کی ٹیم ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے دن پہلی اننگز میں قومی ٹیم 348 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 348 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم کو کیویز پر 74 رنز کی برتری حاصل ہے، پاکستان کی جانب سے اظہرعلی نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور دن کے آغاز میں ہی سنچری مکمل کی جب کہ کھانے کے وقفے سے قبل اسد شفیق نے نصف سنچری اسکور کرکے نیوزی لینڈ کے 274 رنز کی سبقت کو ختم کیا۔

اظہر علی اور اسد شفیق نے انتہائی زمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور قومی ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا، اظہر علی نے 134 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے جب کہ اسد شفیق نے بھی سنچری اسکور کی، انہوں نے 104 رنز بنائے اور پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اظہر علی اور اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ذیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا، کپتان سرفراز احمد نے 25، بابر اعظم 14 اور بلال آصف صرف 11 رنز ہی بناسکے اور آؤٹ ہوگئے۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز ہی بناسکی اور آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے کیا تاہم حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق صرف 18 رنز بناسکے۔ ون ڈاؤن آنے والے اظہر علی نے ٹیم کو سنبھالا اور نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت قومی ٹیم نے کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔