227

پشاور میں خواجہ سراء کو دھمکیاں د ینے والا ملزم گرفتار

پشاور۔پشاور پولیس نے معروف خواجہ سراء دانش عرف ’’بے بو‘‘ پر قاتلانہ حملے اور اغواء کی دھمکیاں دینے والے ملزم کواسلحہ سمیت گرفتارکرلیا 

ملزم نے گزشتہ دنوں دھمکیوں سے قبل خواجہ سراء پر فائرنگ بھی کی تھی تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے پولیس کے مطابق خواجہ سراء دانش عرف بے بو نے وزیراعظم شکایات سیل میں شکایت کی تھی کہ راس خان نامی ملزم اسے قتل اور اغواء کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ اسے تقریبات میں جانے پر نہ صرف ہراساں کرتا ہے بلکہ گزشتہ دنوں اس پر قاتلانہ حملہ بھی کیا جس سے وہ معجزانہ طور پر بچ گیا

پولیس نے بتایا کہ سی سی پی او پشاور نے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کاروائی کرنے کے احکامات جاری کئے جس کی روشنی میں ایس پی صدر ڈویژن صاحبزادہ سجادکی ہدایت پرایس ایچ او انقلاب عمران خان پر مشتمل خصوصی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے ملزم راس خان کو گرفتار کرلیا پولیس نے بتایا کہ ملزم کی جانب سے جو آڈیو پیغامات خواجہ سراء دانش کو ارسال کئے گئے تھے وہ بطور ثبوت اُن کے پاس موجود ہیں۔ دوسری جانب خواجہ سراء دانش نے ملزم کی گرفتاری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔