312

چمکنی میں چلتی گاڑی پر فائرنگ ٗ 3افراد جاں بحق

پشاور۔تھانہ چمکنی کے علاقے گلوزئی میں دیرینہ دشمنی کی بناء مسلح ملزموں نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ملزمان واردا ت کے بعد موقع سے فرار ہوگئے اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا گھیراؤ کرتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کیلئے رات گئے آپریشن کیا ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولین اور ملزمان آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔

ایس ایچ او چمکنی احمد اللہ نے بتایاکہ گزشتہ روز گلوزئی میں چار افراد مجاہد ولد قیوم ٗ شیر محمد ولد فیاض محمد ٗ لیاقت ولد فیا ض اور ہدایت گاڑی میں جارہے تھے کہ اس دوران گلوزئی میں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے مجروحین کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا ۔

جہاں مجاہد ٗ شیر محمد اور لیاقت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ہدایت کی حالت تشویشناک ہے پولیس کے مطابق مقتولین اور ملزمان آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے مابین عرصہ دراز سے جائیداد کے تنازعہ پر دشمنی چلی آرہی ہے پولیس کے مطابق ملزموں کی گرفتاری کیلئے رات گئے تک چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا۔