512

قبائلی علاقوں کیلئے صحت کارڈ کے اجراء کا اعلان

باجوڑ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب کوئی این آر او نہیں ہوگا، جو پیسہ لوٹ کر باہر لے گئے ہیں،ان سے ڈیل ہوگئی اور نہ ہی کمپرو مائز یا مفاہمت ہوگی۔مہمند اور باجوڑ ایجنسی میں جلسوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آج جمہوریت نہیں بڑے بڑے ڈاکو خطرے میں ہیں، ملک کی بہتری اور خوشحالی کیلئے مودی سمیت ہر ایک سے بات چیت کرنے کو تیار ہیں ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگلے 30 دن کے دورا ن بھارت میں الیکشن سے پہلے کسی کارروائی کا خدشہ ہے،اگلے 30دن ہمیں دھیان رکھنا پڑے گا، کہ ہندوستان کے الیکشن جیتنے کے لیے وہاں سے کسی قسم کی کارروائی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ہندوستان کی ایک جماعت الیکشن نفرتیں پھیلا کر جیتنا چاہتی ہے،انہوں نے ایک واردات کی اور ہماری ایئر فورس نے ملک کا صحیح معنوں میں دفاع کیا ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان قوم امن چاہتی ہے، ہم سب سے امن چاہتے ہیں،ہم سارے ہمسایوں سے امن چاہتے ہیں، ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اسے کوئی غلطی سے بھی کمزوری نہ سمجھے،کشمیر کے لوگوں پر جو ظلم ہورہا ہے ساری دنیا دیکھ رہی ہے،جس طرح کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، انہیں دلیری پر سلام پیش کرتا ہوں۔،

اس سے قبل وزیر اعظم نے مہمند میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا تھا کہ قبائلی عمائدین کے تعاون سے اس خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس علاقے کو مقامی افراد کی مدد سے اوپر اٹھائیں گے، غریبوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں، یہاں کے عوام نے دہشت گردی خلاف جنگ میں بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ان کا کہنا تھا صحت کارڈ غریبوں کیلئے ایک نعمت ہے، آپ کسی بھی اسپتال میں جاکر علاج کرا سکتے ہیں۔