257

میشا شفیع نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کردیا

اسلام آباد۔ماڈل اور گلوکارہ میشا شفیع ہرجانہ کیس میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ گواہان پر جرح کرنا بنیادی قانونی حق ہے۔

جمعہ کو میشا شفیع نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ وہ گواہان پر جرح کی اجازت دیکر ہائی کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے۔انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے گواہان پر جرح مخر کرنے کی اجازت نہیں دی اور کہا کہ گواہان پر جرح بیان کے فوری بعد ہوگی۔درخواست میں کہا گیا کہ گواہان پر جرح کرنا بنیادی قانونی حق ہے، ان کو جانے بغیر صرف ان کے بیان کی بنیاد پر جرح کرنا ممکن نہیں، گواہ پیش کرنا ایک فریق اور اس پر جرح دوسرے فریق کا حق ہے۔

درخواست میں معروف گلوکارہ نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی توثیق کی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ میں آنے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، سپریم کورٹ گواہان پر جرح کی اجازت دیتے ہوئے ہائی کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے،درخواست میں مزید کہا گیا کہ قانونی حکمت عملی سامنے آنے سے مقدمہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔