181

سید نور کا ایران کے ساتھ فلم بنانے کا اعلان

پاکستان کے نامور فلم ساز سید نور کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان فلمز کی مشترکہ پروڈکشنز پاکستانی سینما کے لیے مثبت ثابت ہوگی۔

سید نور کا کہنا تھا کہ وہ فاروق مغل کے ساتھ ایک فلم کی مشترکہ پروڈکشن کررہے ہیں، فاروق مغل گزشتہ 25 سال سے ایران میں زندگی گزار رہے ہیں، جو دونوں ممالک کی فلم انڈسٹری کو قریب لانے کے لیے مل کر فلم بنانے کے لیے پرجوش ہیں، تاکہ مستقبل میں وہ مزید فلمیں پاکستان کے ساتھ مل کر بنا سکیں۔

سید نور نے حال ہی میں ایران میں فجر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی، جس کا آغاز 1982 میں ہوا تھا۔

اپنی فلم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’میں نے وہاں فاروق مغل سے ملاقات کی، ان کا تعلق پاکستان سے ہے جو تہران میں رہ رہے ہیں، انہوں نے فلم بنانے کے لیے مجھ سے رابطہ کیا تھا‘۔

سید نور کے مطابق ایران میں ان سے کئی پروڈکشن ہاؤسز نے رابطہ کیا، لیکن انہوں نے اس پروجیکٹ کا انتخاب کیا ہے جس نے انہیں سب سے زیادہ متاثر کیا۔