154

کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 4 اہلکار شہید

کوئٹہ: منی مارکیٹ کے قریب کھڑی مدد گار پولیس موبائل کے قریب دھماکے سے 4 اہلکار شہید جب کہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

 کوئٹہ کی منی مارکیٹ میں مدد گار پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔ جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور اس کی آواز دور دور تک سنائی دی جب کہ پولیس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

دھماکے کے فوری بعد رسیکیو کی ٹیمیں اور فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جب کہ زخمی اہلکاروں اور شہریوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ طبی حکام نے 4 اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں میں سے ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بھی گوادر میں دہشتگردوں نے فائیو اسٹار ہوٹل کو نشانہ بنایا تھا، جس میں پاک بحریہ کے اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔