625

خیبر پختونخوا کے وزراء کی تنخواہوں میں بھی کمی کا فیصلہ

پشاور۔خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ میں صوبائی وزراء کی تنخواہوں میں 10فیصد کمی اور مزدوروں کی کم از کم تنخواہ 17500 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترقیاتی بجٹ میں اصافہ کیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اخراجات میں کمی کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات کے باعث صوبائی وزراء کی تنخواہوں میں 10 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان کی کوشش ہے کہ حکومتی اخراجات میں کمی لائی جائے اور صرف وہی اخراجات کیے جائے جو ناگزیر ہوں۔

 شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بہترین اور عوام دوست ہوگا۔ ٹیکسوں میں کمی کی تجویز دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ یہ خسارے کا بجٹ نہیں بلکہ سرپلس بجٹ ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں شوکت یوسف زئی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 1 سے 16 گریڈ تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا ہے جو ہم بھی کر رہے ہیں تاہم گریڈ 17 سے گریڈ 20 کی جگہ صوبہ گریڈ 17 سے گریڈ 19 تک کے تنخواہوں میں 5 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔