اہم سیاسی امور 

وہ لاکھ کہیں کہ ان کو پریشانی نہیں پر محسن نقوی بطورآئی سی سی کے چیئرمین منتخب نہ ہونے پر رنجیدہ ضرور ہوں گے‘ یہاں پر ہم ایک حقیقت کا ذکر کرتے چلیں اور وہ یہ ہے کہ  پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ کے چیئرمین کا منصب بذات خود ایک  ہمہ وقتی کام ہے۔ مقام شکر ہے کہ پنجاب کی حکومت نے سموگ اور فضائی آلودگی ختم کرنے کیلئے قابل قدر اقدامات لئے ہیں جو مرکزی حکومت اور دیگر صوبائی حکومتوں کیلئے بھی قابل تقلید ہیں۔ افغانستان کی طالبان کی حکومت اور اس کے پروردہ دہشت گرد وطن عزیز کے دامن کے ساتھ لسوڑے کی لیس کی طرح چمٹے ہوئے ہیں‘ اگلے روز پھر ایک  مرتبہ پھر افغان فورسز نے پاکستان کی فورسز پر بغیر کسی وجہ بارڈر پر فائر کھولا‘ افغانستان بالکل اس جارحانہ رویہ سے باز نہیں آ رہا جو اس نے پاکستان کے خلاف روز اول یعنی1947ء سے روا رکھا ہے اگر آپ ذراتاریخ پر نظر ڈالیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ افغانستان کے اندر ایک سے زیادہ مرتبہ ہمارے سفارت خانوں پر حملے ہوئے حتیٰ کہ پاکستان کے جھنڈے کی بھی بلوائیوں نے بے حرمتی کی جس پر ان جرائم میں ملوث مقامی افراد کو کابل کے حکمرانوں نے سخت سزا دے کر کبھی بھی نشان عبرت نہ بنایا۔گزشتہ ایک برس کے دوران مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی افواج نے 41ہزار فلسطینیوں کو قتل اور ایک لاکھ کو زخمی کر کے بربریت میں ہٹلر نے دوسری جنگ میں جو قتل عام کیا تھا اس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اگلے روز جمرود میں کروڑوں روپے کی آ ئس کی ریکوری اس حقیقت کی غماز ہے کہ ملک میں منشیات کی لعنت کس قدر پھیل چکی ہے جس نے اب ہیروئن کی جگہ لے کر وطن عزیز کی جوان نسل کی بیخوں میں پانی دینا شروع کر دیا ہے‘ سابقہ فاٹا میں کسی زمانے میں ہیروئن کی لیبارٹریوں کا چرچا ہوا کرتا تھا اب اس کی جگہ اس سے بھی مہلک نشہ آ ئس نے لے لی ہے اس کے خاتمے کے لئے بھی ارباب اقتدار کو اسی طرح کے سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے جو ہیروئن لیبارٹریز کے خلاف اٹھائے گئے تھے‘ سابقہ فاٹا میں افیون کی کاشت پر بھی سختی سے پابندی لگانا ضروری ہوگا۔ملک میں جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں اضافے سے انسانی زندگی کو جو خطرہ پیدا ہو رہا ہے اسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایئرپورٹس کے گردونواح میں انسانی آبادکاری پر کوئی کنٹرول نہیں ہے‘ ایئرپورٹس کے چاروں اطراف دھڑا دھڑ نت نئی رہائشی کالونیاں بن رہی ہیں‘ ظاہر ہے جہاں جہاں انسانی آبادی ہوتی ہے وہاں کھانے پینے کی اشیاء بھی موجود ہوتی ہیں جن کی وجہ سے پھر وہاں پرند و چرند کا بھی خوراک کی تلاش میں آ نا جانا شروع ہو جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ آپ کئی ممالک میں ائر پورٹس کو شہری آ بادی کے کافی دور پائیں گے۔بنگلہ دیش کے قائمقام سربراہ ڈاکٹر یونس  کے اس بیان پر بھارتی حکومت یقینا سیخ پا ہوئی ہو گی کہ بنگلہ دیش کی بقاء صرف حسینہ شیخ کی قیادت سے مشروط نہیں اور یہ کہ محترمہ خاموشی اختیار کریں‘ بیان بازی نہ کریں یہ درست ہے کہ بنگلہ دیش میں شیخ مجیب الرحمن کی باقیات کافی سیاسی اثر ورسوخ کی مالک ہیں‘ پر ان کے حریف سیاسی عناصر کو بھی نظر انداز کرنا زمینی حقائق سے آنکھ چرا نے کے مترادف ہو گا۔
اگر پاکستان سے وسطی ایشیا تک ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ کامیاب ہوتا ہے اور پہلے مرحلے میں جلال آباد اور پشاور  کے درمیان ریل چلنا شروع ہو جاتی ہے تو یہ  عمل پاکستان اور افغانستان دونوں کی معیشت کو چار چاند لگا دے گا اس ضمن میں آج کل پاکستان‘ افغانستان اور ازبکستان تینوں ممالک کے نمائندے گفت و شنید میں مصروف ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان جنگ ابھی ختم  نہیں ہوئی اور جب تک امریکہ یوکرائن کی ہلہ شیری کرتا رہے  گا اس نے ختم بھی نہیں ہونا۔چین کی طرف سے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کا عندیہ  ایک خوش آئند پیش رفت ہے یہ وطن عزیز کے مفاد میں ہوگا کہ وہ اس پراجیکٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے۔اس ملک کو جہاں اور کئی مسائل کا سامنا ہے وہاں سگ گزیدگی کا بھی وہ شکار ہے صرف پنجاب میں آوارہ کتوں کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب ہے اور اس کے شکار افراد کی ویکسی نیشن کے لئے 35 کروڑ روپے درکار ہیں‘سگ گزیدگی کے شکار افراد کو اس کی ویکسین کے پیسے اپنی جیب سے ادا کرنے پڑتے ہیں کیونکہ سرکاری ہسپتالوں میں اس کی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔