پاکستان میں ”بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2024ئ“ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملکی و غیرملکی مندوبین نے شرکت کی۔ ایکسپو سنٹر کراچی میں سجائی گئی نمائش کو دیکھنے والوں کو پہلی مرتبہ دیکھنے پر یہ احساس ہوتا کہ جیسے وہ کسی میدان جنگ میں آ کھڑے ہوئے ہیں کیونکہ اردگرد بڑے بڑے جنگی جہاز، ڈرونز، بھاری ٹینک، بندوقیں، خودکار ہتھیار اور دیگر دفاعی سازوسامان سلیقے سے رکھا گیا تھا۔ سٹالز بہت متاثر کن انداز میں لگائے گئے تھے۔ گولیوں کی بوچھاڑ، جنگی طیاروں کی گڑگڑاہٹ اور مختلف سٹالوں سے قومی نغمے گونج رہے تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ امریکہ، روس، چین، ترکی، برطانیہ اور آذربائیجان سمیت 53 ممالک کے مندوبین نمائش میں شرکت کے لئے ایکسپو سینٹر میں موجود ہیں۔ تقریبا 36 ممالک نے اسلحے کے سٹالز لگائے جن میں سے ایران اور اٹلی جیسے 17 ممالک نے پہلی بار نمائش میں حصہ لیا۔ 550 سے زائد نمائش کنندگان غیر ملکی تھے جو پاکستان کی دفاعی صنعت پر بین الاقوامی برادری کے مکمل اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دیگر اعلیٰ دفاعی حکام، بین الاقوامی وفود اور سفارتکاروں کے ہمراہ چار روزہ میگا ایونٹ کا دورہ کیا۔ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا مرکز نگاہ رہا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی خدمات دفاعی پیداوار کی صنعت میں کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ حیدر مین بیٹل ٹینک (ایم بی ٹی)، جو چین کے تعاون سے مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے، ایک تھرڈ جنریشن پلس ٹینک ہے جسے جدید ترین ٹیکنالوجیز سے لیس کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح الزرار، طلحہ اور الخالد سیریز کے ٹینک بھی اپنی طاقتور جنگی مشینی صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانے جانے والے نام ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے خوشی ہوئی جب بہترین اسٹال کا ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا نام پکارا گیا جبکہ ترکی اور چین نے بین الاقوامی کیٹگریز کے لئے ایوارڈز اپنے نام کئے۔ رواں سال کی آئیڈیاز ایکسپو کی نمایاں خصوصیت پاکستانی دفاعی ماہرین کی جانب سے تیار کردہ جدید ترین بغیر پائلٹ کے جنگی جہاز کی نقاب کشائی تھی۔ یہ بموں، میزائلوں اور تارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پر گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جب پاکستانی ساختہ ڈرون شہپر نے اڑان بھری تو تمام شرکاءنے بے ساختہ تالیاں بجانا شروع کردیں۔آئیڈیاز کے موقع پر ڈی ایچ اے اسلام آباد میں قائم پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے نئے فلیگ شپ اسٹور کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس کے علاو¿ہ پاکستان میں تیار کردہ کئی دیگر جنگی سازوسامان بھی نمائش کے دوران غیر ملکی مندوبین کی توجہ کا مرکز رہے۔ پاکستان دفاعی پیداوار کے امکانات چیلنجز، مواقع اور مستقبل پر نظر کے موضوع پر سیمینار کے دوران انسداد دہشت گردی، میری ٹائم سیکیورٹی اور سائبر خطرات سمیت مختلف موضوعات پر بھی تبادلہ¿ خیال کیا گیا۔ نمائش میں چوبیس سال پہلے کی کچھ یادیں بھی تازہ ہوئیں جب جنرل پرویز مشرف نے آئیڈیاز 2000ءکے نام سے اپنی نوعیت کی منفرد عالمی دفاعی نمائش متعارف کرائی تھی۔ نومبر 2000ءمیں منعقد ہونے والی پہلی نمائش عالمی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی خواہش کا اظہار کیا اور نمائش میں پیش کردہ دفاعی سازوسامان کو وسیع پیمانے پر میڈیا کوریج ملی۔ رواں سال کی دفاعی نمائش آئیڈیاز سیریز کی بارہویں نمائش تھی۔ چار روزہ آئیڈیاز ایکسپو صرف نمائشوں تک محدود نہیں بلکہ سمندری مشقیں، انسداد دہشت گردی کی مشقیں، فری فال جمپ، فضائی سٹنٹ اور دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ دفاعی مشقیں بھی اس میگا ایونٹ کا حصہ تھیں۔ ”میں پاکستان ہوں“ کے موضوع کے تحت فنکاروں (ثقافتی منڈلی) کی شاندار پرفارمنس کو غیر ملکی سفیروں، مندوبین اور شرکا کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ آئیڈیاز ایکسپو پاک فوج کی عظیم فوجی صلاحیتوں کی عکاسی ہے اور ساتھ ہی پاکستان میں تیار کردہ دفاعی مصنوعات کی مو¿ثر نمائش کے ذریعے دوست ممالک کے ساتھ دفاعی سفارتکاری کو فروغ دینے میں مدد دیتی ہے۔ تقریب کے دوران دوست ممالک کے ساتھ تیس ارب ڈالر مالیت کی دفاعی مصنوعات اور جنگی سازوسامان برآمد کرنے کے 82 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ بلاشبہ آئیڈیاز نمائش کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف پاکستان کا ناقابل تسخیر، مضبوط اور پرامن تشخص اجاگر ہوا ہے بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام بھی دیا گیا ہے کہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس پاکستان کی بہادر مسلح افواج وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت چوکس و تیار ہیں۔ (بشکریہ دی نیوز۔ تحریر ڈاکٹر رامیش کمار وانکوانی۔ ترجمہ اَبواَلحسن اِمام)a