فل پروف امیگریشن سسٹم ناگزیر

 پاکستان میں مقیم 8 لاکھ افغانیوں کو 31 مارچ تک واپس اپنے وطن بھجوا دیا جائے گا۔اس قسم کی خبریں اس ملک کے باسی کئی کئی مرتبہ سن چکے ہیں پر ان افغان مہاجرین کا انخلاء ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا ان کے انخلا ء کی تاریخوں پر تاریخیں بدل جا تی ہیں‘پر ان پر عمل شاذ ہی دیکھنے میں آیا ہے‘ اس لئے اس قسم کی خبروں پر اب اس ملک کے عام آدمی کا اعتبار ہی اٹھ گیا ہے جب تک وزارت داخلہ ایک ایسا فل پروف امیگریشن کا سسٹم وضع نہیں کرتی کہ جس سے پاکستان میں کوئی افغان  بغیر ویزا کے داخل نہ ہو اور پھر ویزا کی معیاد ختم ہونے کے بعد حکومت کی تسلی ہو کہ وہ واپس وطن چلا گیا ہے اب آتے ہیں عالمی امور کی جانب۔دنیااس وقت واقعی برق رفتاری سے بدل رہی ہے چین نے زندگی کے ہر میدان میں جو حیرت انگیز ترقی کی ہے اس نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے لگ یہ رہا ہے کہ موجودہ صدی بلکہ اگلی صدی بھی چین کی ہی  ہو گی کیونکہ جس جانفشانی سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے کرتا دھرتا ماؤ زے تنگ اور چو این لائی کے افکار اور تربیت پر عمل کر رہے ہیں وہ قابل رشک ہے چین کی کمیونسٹ پارٹی کا یہ خاصاہے کہ اس کی قیادت اس فرد کو ملتی ہے کہ جس نے پارٹی میں نچلی ترین سطح سے اپنا سیاسی کیرئیر شروع کیا ہوتا ہے اور پارٹی کے مختلف کیڈرز میں 20سے 25سال تک کام کرنے کے بعد کہیں جا کر وہ اوپر کے کیڈر میں پہنچا ہوتا ہے روس اور خصوصا ًپیوٹن کی یہ خوش قسمتی ہے کہ انہیں چین جیسے ملک کا سنگ مل گیا ہے جو ان کے لئے ایک مضبوط سہارا ہے‘ آج امریکہ روس کے خلاف کسی قسم کا عسکری اقدام لینے سے پہلے سومرتبہ سوچے گا کہ کہیں اسے لینے کے دینے نہ پڑ جائیں