ربیکا خان کا شادی کا اعلان، حسین ترین سے جلد نکاح متوقع

مشہور ٹک ٹاکر، یوٹیوبر اور کانٹینٹ کری ایٹر ربیکا خان نے اپنے منگیتر حسین ترین سے جلد شادی کا عندیہ دے دیا ہے، جس سے ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ربیکا خان، جو معروف کامیڈین کاشف خان کی صاحبزادی ہیں، حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور حسین ترین کے ساتھ تعلق پر کھل کر بات کی۔ گفتگو کے دوران جب ان سے حسین ترین کے بارے میں سوال کیا گیا تو ربیکا نے خوش دلی سے کہا، "حسین میری پسند ہیں، اور میں نے بعد میں انہیں گھر والوں کی بھی پسند بنا دیا۔"

انہوں نے حسین ترین کی شخصیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل ویسے ہی انسان ہیں جیسا وہ اپنے ہمسفر کے لیے چاہتی تھیں۔ ربیکا نے پرامید انداز میں کہا، "ان شاء اللہ، ہم جلد شادی کرنے والے ہیں۔"

اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر ربیکا اور حسین کی جوڑی کو مبارکباد اور دعاؤں کے پیغامات موصول ہونے لگے۔

علاوہ ازیں ربیکا خان نے اپنے انسٹاگرام پر حسین ترین کے اہلِ خانہ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں جن میں وہ خوشگوار لمحات گزارتی نظر آئیں۔ ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا: "میرے سسرال سے یہ آخری عیدی آئی ہے" — اس جملے نے مداحوں کو ایک اور خوش خبری کا اشارہ دے دیا کہ شادی کی تاریخ قریب ہے اور ممکنہ طور پر جوڑا عید سے قبل رشتۂ ازدواج میں بندھ سکتا ہے۔