شنید ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانی لوگ پاکستان سے اپنے انخلا ء کے حکم کو اس طرح محسوس کر رہے ہیں کہ اب انہوں نے خیبر پختونخوا میں ان مقامات پر اپنے ڈیرے جما لئے ہیں کہ جہاں پہلے سے ہی غیر قانونی طور پر کچی بستیوں میں افغانیوں کی ایک بڑی تعداد خیمہ زن ہے‘ اب دیکھنا یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کی پولیس اس معاملے کو کیسے حل کرتی ہے‘ حکومت یہ بات اپنے پلے ضرور باندھ لے کہ اگر اب کی دفعہ بھی اس نے اس مسئلے میں نرمی دکھائی اور کسی بات کو جواز بنا کر ان کو ملک سے بیدخل نہ کیا تو آئندہ ان کو اپنے وطن بھجوانا بہت مشکل ہوگا، پبلسٹی کا نشہ بھی سگریٹ یا چائے پینے کے نشے کی طرح ہے اگر کسی فرد کو ایک مرتبہ لگ جائے تو پھر بقول شاعر چھٹتی نہیں ہے منہ سے یہ کافر لگی ہوئی کے مصداق،اس کو منہ لگائے بغیر اس فرد کا
دن آرام سے نہیں گزرتا‘ ہٹلر کے وزیر اطلاعات نے تو پبلسٹی کو ایک سائنس کی شکل دے دی تھی اور ان کی دوسری جنگ عظیم میں جرمنی کے میڈیا کو یہ ہدایت تھی کہ اتنا جھوٹ بولو اتنا جھوٹ بولو کہ لوگ اسے سچ سمجھنے لگیں پر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اکثر اوقات پبلسٹی کے ذریعے جھوٹ بولا جانا اس فرد کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے کہ جس کی شان میں تعریف کے ڈونگرے برسائے جائیں۔ امریکہ کے نائب صدر وینس کی اہلیہ بھارتی نژاد ہیں وہ آج کل اپنے شوہر کے ہمراہ بھارت کے دورے پر ہیں اور بھارتی میڈیا ان کو کافی پبلسٹی دے رہا ہے‘ٹرمپ تجارتی میدان کا ایک شاطر کھلاڑی ہے وہ اس دورے سے بھارت سے تجارتی میدان میں کئی فوائد حاصل کریگا۔یہ بات تو طے ہے کہ روس اور چین کا آپس میں شیروشکر ہو جانا واشنگٹن کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے اور وہ یہ ضرور چاہے گا کہ ان دو ممالک کیخلاف انہیں کوئی نقصان پہنچائے‘ ادھر ایران نے بھی امریکہ کے صدر کو متنبہ کر دیا ہے کہ وہ جارحانہ باتوں اور دھمکیوں سے ایران کو ڈرا نہیں سکے گا‘اسے شریفانہ لہجے میں بات چیت کرنا ہو گی۔