پے در پے شکست

بھارت کو ماضی کی طرح پہلگام کے ڈرامے پر بہت جلد حقیقت بے نقاب ہونے کے باعث سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا‘ واقعے کی ابتدائی اطلاعی رپورٹ سے لے کر انٹیلی جنس کے حوالے سے متعدد واقعات نے اس ڈرامے کو بہت جلد فلاپ کردیا‘ اس کے بعد سفارتکاری کے میدان میں پاکستان کے رابطے انتہائی موثر ثابت ہوئے اور بھارت کو مسلسل شرمندگی کا ہی سامنا رہا اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے اسی دوران6اور7مئی کی درمیانی شب بھارت نے ایک بزدلانہ عسکری کاروائی کی جس میں 31 معصوم شہری شہید ہوئے کہ جن میں چھوٹے بچے بھی شامل تھے‘ انتہائی خوف اور بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج کی اس کاروائی کا جواب اس انداز میں ملا کہ بھارت کے فیصلہ ساز چکرا کر رہ گئے‘ بجلی کی سی کاروائی میں پاکستان نے 5بھارتی طیارے مارگرائے7 ڈرون علیحدہ سے تباہ ہوئے جبکہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی متعدد چیک پوسٹیں ملیا میٹ ہو کر رہ گئیں‘ بھارت کودیا جانے والا یہ جواب اتنا موثر تھا کہ آئندہ بھارت اس انجام کو ہمیشہ مدنظر رکھے گا‘پاک فوج کی کاروائی کتنی موثر تھی اس کا ایک اندازہ بھارتی فوج کی جانب سے اپنی چیک پوسٹوں پر لہرائے جانے والے جھنڈوں سے ہوتا ہے کہ جن میں شکست تسلیم کر لینے کا واضح پیغام موجود تھا‘بھارت نے اس کے ساتھ ہی عرب ممالک سے کشیدگی میں کمی کیلئے رابطے بھی شروع کر دیئے‘پاکستان کے جوابی وار سے خوفزدہ بھارت نے اپنے25 ائرپورٹ بند کر دیئے اور سینکڑوں پروازیں منسوخ کردیں‘ بزدلانہ بھارتی کاروائی کا جواب دینے کا اختیار پاک فوج کو ملنے کے ساتھ پورے بھارت پر لرزہ طاری ہو چکا ہے‘پے درپے شکست کے جاری سلسلے میں سفارتی محاذ پر بھی ایک بار پھر بھارت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے‘ متعدد عالمی رہنما بھارتی رویے کو منفی گردانتے ہیں‘اس ارضی حقیقت سے صرف نظر ممکن نہیں کہ بھارت نت نئے ڈرامے رچا کر دنیا کی توجہ اپنے داخلی خلفشار اور مقبوضہ کشمیر میں روا رکھے جانے والے رویے سے ہٹا رہا ہے‘بھارت مقبوضہ وادی میں نہتے عوام کو اس طرح اذیت دے رہاہے کہ جس میں انسانی حقوق کیلئے بنائے جانے والے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں‘بھارت کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی خاطر میں نہیں لارہا‘وقت کاتقاضہ ہے کہ عالمی برادری بھارت کے رویے کا نوٹس لیتے ہوئے کردار ادا کرے۔