بعد کے حالات سے متعلق تفصیل میں گئے بغیر اس حقیقت سے چشم پوشی ممکن نہیں کہ10مئی2025ء کی صبح بھارت کو ملنے والے انتہائی موثر جواب نے مودی سرکار اور اسکی فوج کے ہوش ٹھکانے لگادیئے‘ اب اس کے بعد وہ جو کہتے رہیں وہ محض شکست اور شرمندگی چھپانے کی کوششوں کا حصہ ہوگا‘ پاکستان کے موثر جواب اور حقائق پر مشتمل ویڈیو رپورٹس نے اس جھوٹے بیانیے کو بھی تباہ کر دیا ہے جو حکومت کی ایماء پر بھارتی میڈیا دے رہا تھا‘اب کی بار بھارت کی بدقسمتی یہ رہی کہ پہلگام ڈرامے کا پہلا شو ہی فلاپ ہوا اور بھارت کو اسی روز سے مسلسل شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا‘ اس ڈرامے کی ایف آئی آر نے ہی بھارت کے عزائم کو بے نقاب کر دیا‘ اس کے ساتھ پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی سیریز شروع ہوئی جو بری طرح سے مسترد ہوتی چلی گئی‘ پاکستان کیخلاف بوکھلاہٹ میں بیان بازی کیساتھ سندھ طاس معاہدے سمیت دیگر اقدامات خود مودی سرکار کے گلے پڑ گئے اور بھارتی حکمران آج تک منہ چھپائے پھررہے ہیں‘ اس سب کیساتھ بھارت کی عسکری کاروائی میں جو ہوا اور جس طرح اس کے قابل فخر سمجھے جانے والے طیاروں کے پرخچے اڑے وہ سب بھی اس کیلئے شرمناک ثابت ہوا‘ لائن آف کنٹرول پر بھارتی پوسٹیں ہی اڑا دی گئیں جن کی ویڈیوز موجود ہیں‘ بھارتی ایڈونچر میں استعمال ہونے والے جہاز ایس یو30کو45 اور مگ29کو8 کلومیٹر دور سے نشانہ بنایا گیا‘ پاک فضائیہ کا پہلا شکار رافیل گاڈزیلا تھا‘دیگر2رافیل کنٹرول ٹاور سے ڈس انگیج ہو کر گرے‘ پاکستان ائر فورس کے ائر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بین الاقوامی میڈیا کو بریفنگ کے دوران بھارتی رافیل گرانے کے باقاعدہ ثبوت بھی دیئے‘ گاڈزیلا کا کال سائن رکھنے والے رافیل کو لائن آف کنٹرول سے54 میل دور مارگرایا گیا‘ اس ضمن میں پائلٹ کی آڈیو بھی سنادی گئی فرانسیسی اخباررافیل کی تباہی پر یہ بھی لکھ رہا ہے کہ بھارت نے فرانس کی ناک کٹوادی ہے‘بھارت اپنے اندرونی خلفشار اور مقبوضہ کشمیر پر سے توجہ ہٹانے کیلئے اکثر ڈرامے رچاتا چلا آیا ہے‘ پہلگام بھی اسی سیریز کا حصہ تھا جو بری طرح ناکام ہوا‘ ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری بھارت کی غیر ذمہ داریوں کا نوٹس لے‘مقبوضہ کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل نہ ہونے کا پوچھے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بازپرس بھی ہو‘ مدنظر رکھنا ہوگا کہ اس ضمن میں بھارت سے بازپرس نہ ہونے پر خود عالمی ادارے کی ساکھ متاثر ہوگی۔